بھٹکل،6؍دسمبر (ایس او نیوز) تعلقہ بیلور گاؤں میں ولیج اکاؤنٹنٹ کے عہدے پر فائز شیکھر جیوتیبا کالیکر جمعرات سے اچانک لاپتہ ہوگیا ہے جس کی گمشدگی کو لے کر اس کی بیوی نے مرڈیشور پولیس اسٹیشن پہنچ کر شوہر کے گمشدگی کی شکایت درج کروائی ہے۔
پولس تھانہ میں دی گئی شکایت کے مطابق شیکھر اپنے دوستوں کے ساتھ ہوناور جانےکا کہہ کر جمعرات کے دن گھر سے نکلاتھامگر تین دن گزرنے کے بعد بھی واپس نہیں لوٹا ہے ۔ اس لئے پولیس اس کے گم شدہ شوہر کو تلاش کرے۔
پولیس کے پاس درج کی گئی شکایت میں کہا گیا ہے کہ شیکھر گردے کی بیماری میں مبتلا ہے اور گزشتہ دو سال سے شیموگہ کے نارائن ہردیالیہ ہاسپٹل میں اس کا ڈیالیسس کیا جارہا ہے۔وہ جمعرا ت کی شام 6 بجے ہوناور جانے کے لئے گھر سے نکلاتھا۔ شام 7بج کر 20منٹ پر اس نے فون کرکے اپنی بیوی کو بتایا کہ وہ ہوناور میں ہے اور رات 9.30بجے تک گھر پہنچ جائے گا۔اس نے یہ بھی کہا کہ موبائل کا چارج ختم ہورہا ہے اس لئے فون سوئچ آف ہوجائے گا۔ اس کے بعد شیکھر نہ گھر آیا ہے اور نہ ہی اس کے ساتھ کوئی رابطہ قائم ہوسکا ہے ۔ پولیس سے درخواست کی گئی لاپتہ شیکھر کالیکر کو ڈھونڈ نکالے۔